اتوار 15 نومبر 2026 - 04:21
سماجی و معاشرتی مسائل کے حل کے لیے ان کے حقیقی اسباب اور ترجیحات کا تعین ضروری ہے

آیت اللہ اعرافی کی ایرانی عدلیہ کے سماجی امور کے سربراہ سے ملاقات؛

سماجی و معاشرتی مسائل کے حل کے لیے ان کے حقیقی اسباب اور ترجیحات کا تعین ضروری ہے

حوزہ علمیہ اور عدلیہ کے درمیان تعلیم، تحقیق اور تبلیغ کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں

حوزہ / آیت اللہ علی رضا اعرافی نے ڈاکٹر مہدی امیری اصفہانی کے ساتھ ملاقات میں عدالتی حکمرانی کو مضبوط بنانے، جرائم کی روک تھام اور سماجی مسائل میں کمی کے لیے دس اہم اسٹریٹجک سفارشات پیش کرتے ہوئے کہا: جدید عدالتی حکمرانی کے لیے نئے تصورات اور علمی اصطلاحات وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے مضبوط علمی اور فقہی بنیادیں درکار ہیں اور حوزہ علمیہ ان تصورات اور اصولوں کی تشکیل میں مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدیر حوزہ علمیہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے عدلیہ کے سماجی امور اور جرائم کی روک تھام کے سرپرست ڈاکٹر مہدی امیری اصفہانی سے ملاقات میں حضرت صدیقہ طاہرہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے ایام شہادت کی تعزیت پیش کی اور عدلیہ کے مختلف شعبوں کی سرگرمیوں کے حوالے سے دی گئی رپورٹ پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اپنی گفتگو کے دوران حوزہ علمیہ کو ایک ایسا ادارہ قرار دیا جو معاشرتی مسائل کے حوالے سے مطالبہ بھی کرتا ہے اور اپنی ذمہ داریوں کے سلسلے میں جواب دہ بھی ہے۔

آیت اللہ اعرافی نے کہا: حوزہ علمیہ اور عدلیہ کے درمیان تعلیم، تربیتِ قاضی، تحقیق، تبلیغ اور جدید عدالتی حکمرانی کے لیے علمی و فقہی بنیادیں فراہم کرنے کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دی جا سکتی ہے۔ اس سلسلے میں حوزاتِ علمیہ کے دفترِ فقہ معاصر کی صلاحیتوں سے بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

مدیر حوزہ علمیہ نے مساجد کے محور پر محلہ جاتی منصوبے کو سماجی برائیوں میں کمی اور جرائم کی روک تھام کا ایک اہم ذریعہ قرار دیا اور کہا: عدلیہ اس سلسلے میں قومی مسجد مراکز اور اس کے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ قائم کر سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا: جدید عدالتی حکمرانی کے لیے نئے تصورات، علمی اصطلاحات اور ایک نئے فکری زاویے کی تشکیل بھی انتہائی ضروری ہے۔ اس کام کے لیے مضبوط علمی اور فقہی پشت پناہی درکار ہے اور حوزہ علمیہ اس حوالے سے بنیادی تصورات اور اصول مرتب کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔

انہوں نے عدالتی شعبے میں تخصصی تعلیمات کو فروغ دینے، فقہ معاصر اور فقہِ مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے اور عدلیہ کے سماجی اداروں کے ساتھ منظم، مربوط اور سلسلہ وار روابط قائم کرنے پر بھی زور دیا۔

عدالتی حکمرانی کو مضبوط بنانے کے لیے ۱۰ اہم سفارشات

آیت اللہ اعرافی نے اپنی گفتگو میں عدالتی حکمرانی کی بہتری، جرائم کی روک تھام، سماجی مسائل میں کمی اور حوزہ علمیہ و عدلیہ کے باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے درج ذیل دس اہم نکات بیان کیے:

۱۔ مطالعات اور تحقیقات کو بنیاد بنانا

تمام منصوبہ بندی اور اقدامات بنیادی و عملی تحقیقات پر مبنی ہونے چاہئیں۔ سماجی رجحانات کا جائزہ لینے اور اعداد و شمار کا درست تجزیہ کرنے کی بھی خاص اہمیت ہے۔ تحقیق اور بصیرت کے بغیر فیصلے کرنا درست راستے سے ہٹ کر آگے بڑھنے کے مترادف ہے۔

۲۔ سماجی مسائل کی وجوہات اور بنیادی اسباب کی شناخت

سماجی و معاشرتی مسائل کے حل کے لیے ان کے حقیقی اسباب اور ترجیحات کا تعین ضروری ہے۔ انہوں نے باصلاحیت افراد کی بیرون ملک ہجرت کی مثال دیتے ہوئے کہا: تحقیقات کے مطابق اس کی بنیادی وجوہات میں بالترتیب سماجی مقام و منزلت، معاشی مسائل، ثقافتی مسائل اور آخر میں سیاسی مسائل شامل ہیں۔ اسباب کی درست شناخت سے ان مسائل سے نمٹنے کا طریقہ بھی تبدیل ہو جاتا ہے۔

۳۔ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ

جدید ٹیکنالوجی بیک وقت خطرہ بھی ہے اور فرصت بھی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ٹیکنالوجی سے پیدا ہونے والے خطرات کو جرائم کی روک تھام کے مواقع میں تبدیل کیا جائے۔

۴۔ سماجی اداروں کے ساتھ منظم اور مربوط تعاون

عدلیہ کو حوزہ علمیہ و روحانیت، جامعات، تعلیمی اداروں، ذرائع ابلاغ، سوشل میڈیا اور خاندان سمیت تمام اہم سماجی اداروں کے ساتھ مربوط اور منظم تعاون کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا: حوزہ علمیہ کو بیک وقت مطالبہ کرنے والے اور جواب دہ ادارے کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ اس کے ساتھ حوزوی شخصیات، مبلغین اور تبلیغی سرگرمیوں سے وابستہ افراد کے وسیع نیٹ ورک کو بھی عدلیہ کے اہداف اور منصوبوں سے آگاہ کیا جانا ضروری ہے۔ اس سلسلے میں امین منصوبہ، مدارسِ امین اور تبلیغی نیٹ ورکس کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

۵۔ عدلیہ کے انسانی وسائل پر توجہ

عدالتوں کے سربراہان اور اٹارنی جنرلز کی سماجی مسائل کے بارے میں فہم، پیشگی اقدامات کا نقطۂ نظر اور شخصی صلاحیتیں بہت اثرانداز ہوتی ہیں۔ عدلیہ کے انسانی وسائل میں سماجی امور کے معاونت کے فکری رجحان کو راسخ کرنے کے لیے جامع منصوبہ بندی، تربیت، فکری و عملی آگاہی اور ادارہ جاتی مزاحمتوں کا مقابلہ ضروری ہے۔

۶۔ ترقیاتی منصوبوں سے استفادہ

ترقیاتی منصوبے جن میں جرائم کی روک تھام کے رجحان کو مضبوط بنانے کے لیے مناسب گنجائش موجود ہے۔ اس صلاحیت کو پہچان کر سماجی امور اور جرائم کی روک تھام کے شعبوں میں استعمال کیا جانا چاہیے۔

۷۔ محلہ محوری اور مسجد محوری کو فروغ دینا

حکومت کی جانب سے مساجد کے محور پر محلہ جاتی منصوبے پر کام کیا جا رہا ہے۔ عدلیہ قومی مسجد مراکز اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کے ذریعہ اس منصوبے کو آگے بڑھا سکتی ہے۔ محلوں اور مساجد کا نیٹ ورک سماجی برائیوں میں کمی اور جرائم کی روک تھام میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

۸۔ زندانوں کے مسئلے کا جامع جائزہ

جیل ایک طرف جرائم کی روک تھام اور رکاوٹ کا ذریعہ بن سکتی ہے جبکہ دوسری طرف بعض حالات میں جرائم اور برائیوں کے پھیلاؤ کا سبب بھی بن سکتی ہے۔ اس لیے جیلوں کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنے اور ایسے شرعی و قانونی حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے جو شورائے نگہبان میں بھی قابل قبول ہوں۔

۹۔ حوزہ علمیہ اور عدلیہ کے درمیان تعلیمی، تحقیقی اور تبلیغی تعاون

حوزہ علمیہ اور عدلیہ کے درمیان تعلیم، تحقیق اور تبلیغ کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ طلاب کے لیے حقوق اور عدالتی امور میں تخصصی مہارتوں کی تربیت، فقہ معاصر بالخصوص فقہِ مصنوعی ذہانت سے استفادہ، قاضیوں کی تربیت اور عدالتی مہارتوں میں اضافے کو اس تعاون کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔

۱۰۔ عدالتی حکمرانی کے لیے نئے تصورات اور علمی اصطلاحات کی تشکیل

جدید عدالتی حکمرانی کے لیے نئے تصورات، علمی اصطلاحات اور فکری زاویوں کی تشکیل ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے مضبوط علمی اور فقہی بنیادیں درکار ہیں اور حوزہ علمیہ ان تصورات اور اصولوں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

آیت اللہ اعرافی نے حوزہ علمیہ اور عدلیہ کے تعاون کو وسعت دینے کے لیے مذکورہ سفارشات پر عمل درآمد کی غرض سے عملی تجاویز بھی پیش کیں۔

قابل ذکر ہے کہ ملاقات کے آغاز میں عدلیہ کے سماجی امور اور جرائم کی روک تھام کے سرپرست ڈاکٹر مہدی امیری اصفہانی نے بھی حضرت صدیقہ طاہرہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے ایام شہادت کی تعزیت پیش کی اور ملک کو تاریخی چیلنجز سے سربلندی، عزت اور اقتدار کے ساتھ عبور کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اپنے ادارے کے مختلف منصوبوں اور سرگرمیوں کے حوالے سے بھی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha